قبائلی ضلع مہمند میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضا محمد کی خصوصی ہدایات پر شہدائے پولیس اور دورانِ سروس وفات پانے والے اہلکاروں کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد پولیس شہداء اور مرحوم اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔
تقریب میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر خالد خان، پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر خالد خان نے شہدائے پولیس اور دورانِ سروس انتقال کرنے والے اہلکاروں کے ورثاء میں فی کس 50 ہزار روپے مالیت کے امدادی چیکس تقسیم کیے۔ امدادی رقم کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کرنا اور انہیں درپیش مشکلات میں کسی حد تک سہارا فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او مہمند رضا محمد نے کہا کہ شہدائے پولیس نے امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دورانِ سروس وفات پانے والے اہلکار بھی محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ تھے، اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ شہداء اور مرحوم اہلکاروں کے اہلِ خانہ کی کفالت اور فلاح و بہبود محکمہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع مہمند پولیس ہر مشکل گھڑی میں اپنے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی اور ملک میں پائیدار امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
