سوات پریس کلب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسٹینشن ایگریکلچر لوئر سوات، ڈاکٹر افتخار احمد کی زیر نگرانی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین سوات پریس کلب فضل رحیم خان، صدر سوات یونین آف جرنلسٹس شہزاد عالم، جنرل سیکرٹری سوات پریس کلب عدنان باچا سمیت صحافیوں اور محکمہ زراعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران پریس کلب کے احاطے میں مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے، جبکہ شرکاء نے شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے عملی طور پر مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف ایک قومی فریضہ ہے بلکہ یہ صدقہ جاریہ بھی ہے، جس کا اجر انسان کو زندگی بھر اور بعد از مرگ بھی ملتا رہتا ہے۔

ڈاکٹر افتخار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور قدرتی آفات جیسے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے شجرکاری انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت زمین کو مضبوط بناتے ہیں، بارشوں کے پانی کو جذب کرنے میں مدد دیتے ہیں اور ماحول کو متوازن رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

چیئرمین فضل رحیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی برادری معاشرے میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اور شجرکاری مہم کے ذریعے عوام میں ماحول دوستی کا پیغام عام کیا جائے گا۔ صدر شہزاد عالم نے کہا کہ جہاں درخت زیادہ ہوں وہاں فضا صاف، موسم خوشگوار اور بیماریاں کم ہوتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔

جنرل سیکرٹری عدنان باچا نے کہا کہ سوات اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث ملک بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے، اس خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف ماحول کو بہتر بناتے ہیں بلکہ مقامی معیشت اور جنگلی حیات کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شجرکاری مہم کو پورے ضلع میں وسعت دی جائے گی اور مختلف علاقوں میں مزید پودے لگائے جائیں گے تاکہ سوات کو مزید سرسبز اور ماحولیاتی طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔