سوات، 28 ستمبر 2026: اقراء نیشنل یونیورسٹی سوات کے کیمپس میں چار روزہ آئی این یو سوات ناک آؤٹ کپ 2026 کا شاندار افتتاح کردیا گیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں جامعہ کے طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا، جبکہ بینڈ پریڈ نے افتتاحی تقریب کو مزید پُررونق بنا دیا۔ طلبہ کی بھرپور شرکت اور جوش و خروش سے کیمپس میں خوشگوار اور پرجوش ماحول قائم رہا۔

اس موقع پر شعبہ تشہیر و تقریبات کے معاون سربراہ شاہاب الدین خان نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں طلبہ کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقراء نیشنل یونیورسٹی سوات کیمپس میں کھیلوں اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کا مقصد طلبہ کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلبہ میں باہمی تعاون، نظم و ضبط، خود اعتمادی اور کھیلوں کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

آئی این یو سوات ناک آؤٹ کپ 2026 چار روز تک جاری رہے گا، جس میں طلبہ مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں بھرپور حصہ لیں گے۔