لنڈی کوتل: ضلع خیبر کے لنڈی کوتل بازار کے باچا خان چوک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاج میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں عبدالرازق شینواری، حاجی ضرب اللہ شینواری عرف حاجی بابا، محمد حکیم آفریدی، سابق چیئرمین ابو دردا شینواری، سجاد شینواری، رفیع الدین شینواری سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں، مشران اور کارکنوں نے شرکت کی۔

مظاہرین نے عمران خان اور علیمہ خان کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے اور علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت کی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عبدالرازق شینواری نے کہا کہ علیمہ خان کی گرفتاری قابلِ مذمت ہے اور ایسے اقدامات سے پارٹی کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاجی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور ضلع خیبر سے پارٹی مشران اور کارکن اس میں بھرپور شرکت کریں گے۔ ان کے بقول عمران خان کی رہائی تک پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

علیمہ خان کو 20 ستمبر کو لاہور میں حراست میں لیا گیا تھا۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے حکم کے مطابق انہیں مینٹیننس آف پبلک آرڈر  کے تحت 30 روز کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ اقدام پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاجی مارچ سے قبل سامنے آیا ہے۔