ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں رات گئے سرکاری وردی میں ملبوس مسلح افراد کی جانب سے گھر میں مبینہ ڈکیتی کی واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاعات کے مطابق اکاخیل تھانے کی حدود میلوارڈ کے علاقے گڈ ملنگ میں رات تقریباً 2 بجے سرکاری وردی میں ملبوس افراد تلاشی کے بہانے ذاہد نامی شخص کے گھر میں داخل ہوئے اور اہلخانہ کو مبینہ طور پر یرغمال بنا لیا۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے گھر کی تلاشی لینے کے بعد مبینہ طور پر تقریباً 60 لاکھ روپے نقدی اپنے قبضے میں لی اور رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد متاثرہ خاندان شدید خوف و ہراس کا شکار ہے، جبکہ علاقے کے مکینوں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی۔ پولیس کی جانب سے واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس اس امر کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ واردات میں سرکاری وردی کا استعمال کیسے اور کس مقصد کے لیے کیا گیا۔

گڈ ملنگ میں پیش آنے والے اس واقعے نے علاقے میں امن و امان اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں۔ مقامی شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔