پشاور: ضلعی انتظامیہ پشاور نے شیخ آباد میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر کیمیکلز اور دیگر مضرِ صحت مواد سے جعلی چائے تیار کرنے والے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی ہدایت پر شہریوں کو غیر معیاری اور مضرِ صحت اشیائے خوردونوش سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر فقیر آباد سمیعہ جبین نے خفیہ اطلاع پر شیخ آباد میں تین گھروں پر چھاپہ مارا، جہاں مبینہ طور پر مختلف کیمیکلز اور بھورے رنگ کے مواد کی مدد سے جعلی اور غیر معیاری چائے تیار کی جا رہی تھی۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران مختلف کیمیکلز، بھورے رنگ کا مواد اور مضرِ صحت چائے پتی کی متعدد بوریاں برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئیں، جبکہ موقع پر موجود تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی کارروائی کے دوران ملنے والے شواہد سے معلوم ہوا کہ گھروں میں موجود مختلف کیمیکلز اور دیگر مواد کو مبینہ طور پر جعلی اور غیر معیاری چائے کی تیاری میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ برآمد شدہ مواد بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش اشیائے خوردونوش کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت سے متعلق غفلت، ملاوٹ اور جعل سازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ مضرِ صحت اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
