پشاور: محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ضم شدہ اضلاع کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کے لیے ضم شدہ اضلاع انڈر 19 گیمز 2026، مرحلہ اول کے ٹرائلز کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق مختلف کھیلوں کے ٹرائلز 25 ستمبر سے یکم اکتوبر 2026 تک ضم شدہ اضلاع کے مختلف اسپورٹس کمپلیکسز اور گراؤنڈز میں منعقد ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق ٹرائلز کا آغاز ضلع باجوڑ سے ہوگا، جہاں 25 اور 26 ستمبر کو باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
مہمند میں 27 اور 28 ستمبر، خیبر میں 29 اور 30 ستمبر جبکہ اورکزئی میں 26 اور 27 ستمبر کو ٹرائلز منعقد ہوں گے۔
اسی طرح کرم میں 28 اور 29 ستمبر، جنوبی وزیرستان لوئر میں 26 اور 27 ستمبر، جنوبی وزیرستان اپر میں 28 اور 29 ستمبر جبکہ شمالی وزیرستان میں 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ٹرائلز لیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق یکم جنوری 2008 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی ان ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہوں گے۔
ان مقابلوں میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، ایتھلیٹکس، باسکٹ بال اور ہاکی سمیت مختلف کھیل شامل ہیں، جن میں ضم شدہ اضلاع کے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
منتخب کھلاڑیوں کو سفر اور یومیہ الاؤنس، کھیلوں کی کٹس بمعہ بیگز، جوتے اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات، ٹرافیاں، تمغے اور اسناد بھی دی جائیں گی۔
محکمہ کھیل کے مطابق ان کھیلوں کا بنیادی مقصد ضم شدہ اضلاع میں موجود نوجوان کھیلوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانا، انہیں بہتر مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کرنا اور مستقبل میں قومی و صوبائی سطح پر نمائندگی کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
