خیبر: تحصیل لنڈی کوتل اور تحصیل جمرود کے پرائمری سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کے نمائندہ وفد نے تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کے صدر شریف اللہ آفریدی کی قیادت میں ضلعی تعلیمی افسر خیبر مصری خان، نائب ضلعی تعلیمی افسر زاہد خان اور معاون ضلعی تعلیمی افسر پرائمری فضل منان سے تقریباً دو گھنٹے طویل ملاقات کی، جس میں پرائمری سکولوں کو درپیش مختلف مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سکولوں میں اساتذہ اور جماعتی کمروں کی کمی، ملازمین کی سروس کتب کی تکمیل و تجدید، صفائی کی ذمہ داری سے متعلق واضح اعلامیہ، بار بار اعداد و شمار طلب کیے جانے، والدین و اساتذہ کونسل کے فنڈ کے بار بار حسابات کی جانچ سمیت دیگر انتظامی مسائل زیر بحث آئے۔
وفد نے حکام کو بتایا کہ والدین و اساتذہ کونسل کے فنڈ کے بار بار حسابات کی جانچ کے باعث ہیڈ ٹیچرز اور اساتذہ کو سکول کے اوقات میں دفتری امور میں مصروف ہونا پڑتا ہے، جس سے طلبہ کا قیمتی تدریسی وقت ضائع ہوتا ہے۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ حسابات کی جانچ کے عمل کو مؤثر بنایا جائے اور غیر ضروری تکرار سے گریز کیا جائے۔ اس کے علاوہ جانچ کا عمل مکمل ہونے کے بعد متعلقہ ہیڈ ٹیچرز اور اساتذہ کو باقاعدہ تصدیقی سند جاری کی جائے تاکہ ایک ہی معاملے کے لیے انہیں بار بار سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
یہ بھی پڑھیے:کاشف اللہ قتل کیس: ملزمان کی گرفتاری اور قرار واقعی سزا کا مطالبہ https://herlensurdu.com/post/412
ضلعی تعلیمی افسر خیبر مصری خان نے وفد کے مسائل کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے متعلقہ افسران اور دفتری عملے کو موقع پر طلب کیا اور اپنے دفتری دائرۂ اختیار میں آنے والے مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔
سکولوں میں اساتذہ کی کمی کے حوالے سے حکام نے بتایا کہ اس سلسلے میں دفتری کارروائی مکمل کرکے معاملہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تک پہنچایا جاچکا ہے۔
بار بار ایک ہی نوعیت کے اعداد و شمار طلب کیے جانے کے مسئلے پر بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ غیر ضروری طور پر ایک ہی معلومات دوبارہ طلب کرنے سے گریز کیا جائے گا، تاکہ ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ دفتری امور کے بجائے تدریس اور سکول کے انتظامی معاملات پر بھرپور توجہ دے سکیں۔
وفد میں تحصیل لنڈی کوتل سے فرمان اللہ شینواری، اجمل خان، ملک نادر شاہ اور خیراللہ جبکہ تحصیل جمرود سے پرائمری ہیڈ ماسٹرز اتحاد کے صدر عثمان گل آفریدی، وہاب آفریدی اور مسرت شاہ شامل تھے۔
ملاقات کے اختتام پر وفد نے تعلیمی افسران کی سنجیدگی اور تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ملاقات کے دوران دی گئی یقین دہانیوں اور جاری کیے گئے احکامات پر عملی طور پر بھی فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
آخر میں تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کے صدر شریف اللہ آفریدی نے ضلعی تعلیمی افسر خیبر مصری خان کو کتاب کا تحفہ بھی پیش کیا۔
