سوات کے علاقے سیدوشریف میں بچوں کے درمیان ہونے والے معمولی تنازع نے شدت اختیار کر لی، جس کے بعد دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں معروف قانون دان ایڈووکیٹ عطاء اللہ جان جاں بحق ہو گئے، جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سیدوشریف اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی کی فضا قائم ہے۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

ڈی پی او سوات نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

ترجمان سوات پولیس کے مطابق صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے اور علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔