لنڈی کوتل: یومِ دفاعِ پاکستان، 6 ستمبر کے موقع پر لنڈی کوتل سے تاریخی شاگیی قلعہ تک 20 کلومیٹر میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں انٹرنیشنل کیوکوشن کان کراٹے پاکستان کے کھلاڑیوں سمیت فٹ بال اور دیگر کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
میراتھن ریس کا انعقاد کمانڈنٹ خیبر رائفلز کے تعاون سے کیا گیا، جس کی قیادت انٹرنیشنل کیوکوشن کان کراٹے پاکستان کے برانچ چیف حیات نذیر شینواری اور برانچ چیف نور اسلم شینواری نے کی۔
ریس میں شریک کھلاڑیوں اور نوجوانوں نے لنڈی کوتل سے تاریخی شاگیی قلعہ تک تقریباً 20 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ شرکاء کو ایف سی کے جوانوں، خیبر پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بھی شرکاء کو مکمل طبی و امدادی خدمات فراہم کیں۔
تاریخی شاگیی قلعہ پہنچنے پر کمانڈنٹ خیبر رائفلز کی جانب سے میراتھن میں شریک کھلاڑیوں کے لیے ریفریشمنٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا۔
اختتامی تقریب میں کمانڈنٹ خیبر رائفلز کی جانب سے میراتھن کے انعقاد اور بہترین کارکردگی پر حیات نذیر شینواری اور نور اسلم شینواری کو خصوصی ٹرافی پیش کی گئی، جبکہ ریس میں شریک تمام کھلاڑیوں میں اعزازی میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔
منتظمین کے مطابق میراتھن ریس کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا، کھیلوں کو فروغ دینا اور یومِ دفاعِ پاکستان کے جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔
حیات نذیر شینواری اور نور اسلم شینواری نے میراتھن کے دوران بہترین سیکیورٹی اور امدادی خدمات فراہم کرنے پر کمانڈنٹ خیبر رائفلز، ایف سی، خیبر پولیس، ٹریفک پولیس اور ریسکیو 1122 کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ میراتھن ریس میں ڈسٹرکٹ خیبر ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر نصیب شاہ شینواری نے بھی خصوصی شرکت کی۔
