پشاور: خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں ضرورت سے زائد اور غیر ضروری فرنیچر کی خریداری کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ دوسری جانب صوبے کے متعدد سکولوں میں لاکھوں طلبہ کے لیے نشستوں اور فرنیچر کی کمی کا سامنا ہے۔

محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر کے مختلف سرکاری سکولوں کے لیے 11 لاکھ 6 ہزار 800 اضافی فرنیچر خریدا گیا، جس کی متعلقہ سکولوں میں فوری ضرورت موجود نہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک جانب متعدد سکولوں میں ضرورت سے زیادہ فرنیچر موجود ہے، جبکہ دوسری جانب صوبے کے سرکاری سکولوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 94 ہزار 287 نشستوں کی کمی ہے، جس کے باعث کئی سکولوں میں طلبہ کو مناسب فرنیچر کی سہولت میسر نہیں۔

محکمہ تعلیم کی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ جن سرکاری سکولوں میں اضافی فرنیچر موجود ہے، اسے ایسے سکولوں میں منتقل کیا جائے جہاں طلبہ کے لیے نشستوں اور فرنیچر کی کمی ہے۔

رپورٹ میں فرنیچر کی خریداری اور تقسیم کے نظام کو ضرورت کے مطابق بنانے، دستیاب وسائل کے مؤثر اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے اور اضافی فرنیچر کو ضرورت مند سکولوں تک منتقل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اگر اضافی فرنیچر کو ضرورت مند سکولوں میں منتقل کیا جائے تو نہ صرف سرکاری وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہوگا بلکہ ان سکولوں میں زیرِ تعلیم ہزاروں طلبہ کو بھی بنیادی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔