ایبٹ آباد اسپورٹس کمپلیکس میں پہلا بیڈمنٹن فیملی کیمپ ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا، جس میں بچوں، نوجوان کھلاڑیوں اور مختلف فیملیز نے بھرپور شرکت کی۔

ٹورنامنٹ کے مہمانِ خصوصی پرسنل سیکریٹری ٹو ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی یاسر قریشی تھے، جبکہ معروف انٹرنیشنل بیڈمنٹن کوچ ندیم خان نے بھی خصوصی شرکت کی۔

کیمپ کے دوران انٹرنیشنل بیڈمنٹن کوچ ندیم خان نے بچوں اور نوجوان کھلاڑیوں کو بیڈمنٹن کے بنیادی اصولوں، کھیل کی تکنیک، فٹ ورک، شاٹ سلیکشن اور کورٹ پر بہتر کارکردگی کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی۔ کوچنگ سیشن کے دوران بچوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مختلف عملی مشقوں میں حصہ لیا۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی یاسر قریشی نے بیڈمنٹن سمیت کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور بچوں کے لیے تربیتی پروگرام کے انعقاد کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی مثبت اور صحت مند سرگرمیاں نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

منتظمین کے مطابق بیڈمنٹن کو فروغ دینے، بچوں اور نوجوانوں کی کھیلوں میں دلچسپی بڑھانے، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے تربیتی کیمپس اور کھیلوں کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔