پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں پشاور کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو صوبائی حکومت کی جانب سے مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کی جائیں گی، جبکہ مستحق خواتین کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پہلے مرحلے کے تحت سکوٹیز کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کرنے اور منصوبے پر عملدرآمد کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی، ٹیکنیکل ورکنگ گروپ اور گریونس ریڈریسل کمیٹی فوری طور پر نوٹیفائی کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی کے منصوبے کے لیے مکمل فنڈز فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے اگلے مرحلے میں اسے صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی کا منصوبہ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے خواتین کے لیے تعلیم اور روزگار تک محفوظ، آسان اور بہتر رسائی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ماحول دوست الیکٹرک سکوٹیز کے استعمال سے فضائی آلودگی میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی، جبکہ یہ منصوبہ خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ان کے اعتماد اور خودانحصاری میں بھی اضافہ کرے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت انسانوں پر سرمایہ کاری، خواتین کی ترقی، خوداعتمادی اور بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔