پشاور: محکمہ بہبود آبادی خیبرپختونخوا اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) کے درمیان تحقیق، تعلیم، صلاحیت سازی، علم کے تبادلے اور جدت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
مفاہمت کی یادداشت کا مقصد خیبرپختونخوا بھر میں ثبوت پر مبنی منصوبہ بندی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کی معیاری اور آسانی سے دستیاب خدمات کی فراہمی میں بہتری لانا ہے۔
اس شراکت داری کے تحت تحقیق اور علمی سرگرمیوں کو فروغ دینے، متعلقہ شعبوں میں صلاحیت سازی اور تربیت کے مواقع پیدا کرنے جبکہ علم اور تجربات کے تبادلے کو مؤثر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
مفاہمت کی یادداشت پر محکمہ بہبود آبادی خیبرپختونخوا کی سیکریٹری ڈاکٹر انیلا محفوظ درانی اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر خالد رحمان، ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ و معاشرتی علوم نے دستخط کیے۔
اس موقع پر حکام کا کہنا تھا کہ محکمہ بہبود آبادی اور کے ایم یو کے درمیان یہ شراکت داری تحقیق اور عملی اقدامات کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، جس کے نتیجے میں صوبے میں خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت سے متعلق خدمات کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
