لنڈی کوتل: مرحوم عجیب اللہ کی بیوہ سومیہ بی بی نے اپنے تین بچوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بیٹی مسماۃ مریم کے مبینہ قتل کے مقدمے میں نامزد دو ملزمان تاحال گرفتار نہیں کیے گئے، جبکہ کیس کی تفتیش بھی سست روی کا شکار ہے۔

سومیہ بی بی نے کہا کہ واقعے کی تفتیش میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہونے کے باعث لواحقین شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا ہیں اور وہ موجودہ تفتیشی عمل سے مطمئن نہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کیس میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث ان کے دیگر بچوں کا تعلیمی سلسلہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق بچوں کا ضروری سامان اور کتابیں ان کے چچاؤں کے قبضے میں ہیں، جس کی وجہ سے بچوں کو تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مزید مشکلات کا سامنا ہے۔

سومیہ بی بی نے آئی جی پولیس، سی سی پی او، ڈی پی او خیبر اور ایس ایچ او لنڈی کوتل سے مطالبہ کیا کہ مریم کے مبینہ قتل کے واقعے کی تحقیقات، تفتیش اور انکوائری کے عمل کو تیز کیا جائے، ایف آئی آر میں نامزد مزید دو ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ کیس کو میرٹ پر جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔