پشاور: پشاور کے علاقے رام پورہ گیٹ میں 24 سالہ خاتون لائبہ کے مبینہ غیرت کے نام پر قتل کے مقدمے میں پولیس نے مقتولہ کے شوہر سمیت سسرالی خاندان کے چار افراد کو چند گھنٹوں کے دوران گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد نجم اقبال ولد اقبال کی مدعیت میں لائبہ کے شوہر اور دیگر سسرالی افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ شہید گلفت حسین کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کے نوٹس پر ڈی ایس پی ہشتنگری سرکل وارث خان کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ شہید گلفت حسین سلیم خان خلیل کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر زوہیب، دیور زبیر، نند اور ساس کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم زوہیب نے اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں مقتولہ پر ’’پارٹی گرل‘‘ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے مبینہ آلہ قتل پستول اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران قتل کے اصل محرکات اور واقعے میں ہر ملزم کے کردار کا تعین کیا جائے گا۔
