صوابی: ضلع صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں پولیس نے 15 سالہ کمسن لڑکی سے مبینہ طور پر زبردستی شادی کی کوشش کرنے والے 70 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ چھوٹا لاہور کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر 70 سالہ شخص کمسن لڑکی سے نکاح کرنے والا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے میں لڑکی کے والدین کی مبینہ ملی بھگت بھی سامنے آئی ہے۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر لیڈی کانسٹیبل سمیت پولیس نفری فوری طور پر موقع پر پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے تصدیق کی کہ لڑکی کی عمر 15 سال ہے جبکہ وہ سماعت اور گویائی سے بھی محروم ہے۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 70 سالہ شخص کو حراست میں لے کر گرفتار کرلیا اور واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

کمسن لڑکی سے مبینہ شادی کی کوشش کے واقعے پر مقامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون کے مطابق ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور کمسن لڑکی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔