پشاور: ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے زیرِ اہتمام یونیورسٹی آف پشاور میں سیرت النبی ﷺ سیمینار کے ساتھ نعت خوانی، قرأت اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا عباس آفریدی کی ہدایات پر منعقد ہوا، جس کا مقصد نوجوانوں میں سیرتِ طیبہ ﷺ، اسلامی اقدار، اخلاقی تربیت اور دینی شعور کو فروغ دینا تھا۔
سیمینار کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر عبدالرحمٰن، ڈائریکٹر شیخ اسلامک سنٹر، یونیورسٹی آف پشاور تھے۔ تقریب میں مفتی رحیم داد خان، جامعہ البرہان، ڈاکٹر اسماعیل، یونیورسٹی آف پشاور، مفتی اکبر علی، جامعہ انوار العلوم تہکال، مفتی سید العارفین، مرکز العلوم راحت آباد سمیت دیگر علماء، اساتذہ، طلبہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز عاطفہ یوسفزئی اور عرفان خان بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا عباس آفریدی نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ زندگی کے ہر شعبے میں ہمارے لیے بہترین رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان میں اسلامی اقدار، اخلاقِ حسنہ، برداشت، محبت، اخوت اور مثبت معاشرتی کردار کو فروغ دینا محکمہ نوجوان امور کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نعت خوانی، قرأت اور تقریری مقابلوں سمیت مثبت اور تعمیری سرگرمیاں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دینی و اخلاقی تعلیمات سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ محکمہ نوجوان امور خیبر پختونخوا نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے ایسے پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
سیمینار کے دوران نعت خوانی، قرأت اور تقریری مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقررین نے سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو نوجوان نسل کی عملی زندگی کا حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ نوجوان نسل میں اخلاق، برداشت، محبت، اخوت، رواداری اور مثبت معاشرتی کردار کو فروغ دینے کے لیے سیرت النبی ﷺ سے متعلق ایسی علمی و تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد نہایت اہم ہے۔
تقریب کے اختتام پر نعت خوانی، قرأت اور تقریری مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ شرکاء نے سیرت النبی ﷺ سے متعلق پروگرام کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے نوجوانوں کی دینی، اخلاقی اور فکری تربیت کے لیے مفید قرار دیا۔
