ضلع خیبر، تحصیل ملاگوری: گورنمنٹ پرائمری سکول کمبیلا میں سرکاری سکولوں کے لیے فراہم کیا گیا فرنیچر مبینہ طور پر طویل عرصے سے ایک ہال میں پڑا ہے، جہاں مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث فرنیچر دیمک کی نذر ہونے لگا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ فرنیچر مختلف سرکاری سکولوں میں طلبہ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے فراہم کیا گیا تھا، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اسے متعلقہ سکولوں تک منتقل اور تقسیم نہیں کیا جا سکا۔

دوسری جانب ملاگوری سمیت مختلف علاقوں کے متعدد سرکاری سکولوں میں طلبہ کے لیے فرنیچر کی ضرورت موجود ہے، جس کے باعث فرنیچر کی بروقت تقسیم نہ ہونے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

سرکاری وسائل کے تحفظ پر سوالات

مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری سکولوں میں فرنیچر کی ضرورت موجود ہے تو اسے متعلقہ تعلیمی اداروں تک پہنچانے میں تاخیر کیوں کی گئی؟ سرکاری وسائل سے خریدے گئے فرنیچر کو محفوظ رکھنے اور ضرورت کے مطابق بروقت تقسیم کرنے کی ذمہ داری کس کی ہے؟

شہریوں کے مطابق اگر فرنیچر مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث خراب ہو رہا ہے تو یہ نہ صرف سرکاری وسائل کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے بلکہ ان طلبہ کے حق سے بھی محرومی ہے جن کے سکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے۔

محکمہ تعلیم سے انکوائری کا مطالبہ

مذکورہ صورتحال پر محکمہ تعلیم خیبر کی کارکردگی اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بالخصوص وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حلقے میں تعلیمی سہولیات سے متعلق ایسے مسائل متعلقہ حکام کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ تعلیم خیبر کے موجودہ ڈی ای او اور دیگر متعلقہ حکام کی مبینہ غفلت کے معاملے کی فوری انکوائری کی جائے، سکول میں موجود فرنیچر کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا جائے اور اسے متعلقہ سکولوں تک منتقل نہ کیے جانے کی وجوہات معلوم کی جائیں۔

انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران کسی اہلکار یا افسر کی غفلت ثابت ہو تو قواعد و ضوابط کے مطابق ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ قابلِ استعمال فرنیچر کو مزید نقصان سے بچاتے ہوئے فوری طور پر ضرورت مند سکولوں میں تقسیم کیا جائے۔

متعلقہ محکمہ تعلیم اور حکام کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔