لنڈی کوتل: لنڈی کوتل پولیس نے سوشل میڈیا پر مبینہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں کی کردار کشی، ہراسانی، بلیک میلنگ اور نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار شخص مبینہ طور پر ایسے افراد کے نیٹ ورک کا سرغنہ بتایا جاتا ہے جو جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں کو ہراساں کرنے اور مبینہ طور پر بلیک میلنگ میں ملوث ہیں۔

شہری کی درخواست پر کارروائی

پولیس کے مطابق لنڈی کوتل کے رہائشی شاہ فہد ولد امیر نواز نے تھانہ لنڈی کوتل میں درخواست جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بعض عناصر مبینہ طور پر جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنا کر شہریوں کو ہراساں کرتے، ان کی کردار کشی کرتے اور بلیک میلنگ کے ذریعے رقم کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے بعد معاملے کی باقاعدہ تفتیش شروع کی گئی اور ڈیجیٹل شواہد سمیت تکنیکی معاونت کی مدد سے مبینہ ملزم کا سراغ لگایا گیا۔

مبینہ ملزم گرفتار

پولیس کے مطابق تکنیکی تفتیش کے نتیجے میں خوگہ خیل شنواری کے رہائشی زاہد ولد برکت کو مبینہ طور پر اس نیٹ ورک سے منسلک قرار دیا گیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزم کو تھانہ لنڈی کوتل منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مبینہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے، جبکہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔