جنوبی وزیرستان: جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں گومل یونیورسٹی سب کیمپس کے لیے منظور شدہ فنڈز فوری جاری کرنے اور تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز نہ ہونے کے خلاف مقامی عمائدین، مشران اور طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ گومل یونیورسٹی سب کیمپس مکین کے لیے منظور شدہ فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کیے جائیں تاکہ سب کیمپس کو فعال کرکے علاقے میں باقاعدہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا جاسکے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے کہا کہ گومل یونیورسٹی سب کیمپس مکین کی منظوری کافی عرصہ قبل دی جاچکی ہے، جبکہ فنڈز کے اجرا سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود تاحال مطلوبہ فنڈز فراہم نہیں کیے گئے۔
مقامی عمائدین اور طلبہ کا کہنا تھا کہ سب کیمپس فعال نہ ہونے کے باعث جنوبی وزیرستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے سے دور دیگر اضلاع اور شہروں میں جا کر تعلیم حاصل کرنا بیشتر طلبہ کے لیے مالی مشکلات، سفری مسائل اور دیگر رکاوٹوں کے باعث ممکن نہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے کی عدم فعالیت سے علاقے کے نوجوانوں کے تعلیمی مواقع محدود ہو رہے ہیں، جس کے باعث کئی طلبہ اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے منظور شدہ فنڈز جاری کیے جائیں، سب کیمپس کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں اور مکین میں گومل یونیورسٹی سب کیمپس کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز جلد از جلد کیا جائے۔
مقامی مشران اور طلبہ نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات پر فوری پیش رفت نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جاسکتا ہے۔
