لوئر دیر: ایف آئی اے پشاور زون کے کمپوزٹ بینکنگ سرکل سی بی سی نے تیمَرگرہ بازار میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی 20 اگست 2026 کو کی گئی، جس دوران تیمَرگرہ بازار میں پانچ مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ کارروائی کے نتیجے میں طفیل، ظہیر، حبیب اللہ، عامر حمزہ اور افتخار کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 کروڑ 93 لاکھ 36 ہزار روپے مالیت کی پاکستانی کرنسی برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ 15 کروڑ 80 لاکھ ایرانی کرنسی بھی قبضے میں لی گئی۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 20 ہزار 521 سعودی ریال، 3 ہزار متحدہ عرب اماراتی درہم اور 700 پولش زلوٹی بھی برآمد ہوئے، جبکہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق دیگر اہم شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر کسی قانونی لائسنس یا مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کا کاروبار کر رہے تھے۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کےتحت پانچ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ایف آئی اے پشاور زون نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
