ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان عصمت اللہ وزیر نے کہا ہے کہ ضلع کے ہیڈکوارٹر کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زمین کی خریداری کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور بہت جلد اس منصوبے پر باقاعدہ تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محسود پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کی جانب سے جنوبی وزیرستان کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
ڈی سی عصمت اللہ وزیر نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں جو عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتے ہیں۔ مسائل کی بروقت نشاندہی سے متعلقہ محکموں میں اصلاح ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسود پریس کلب علاقے کی تعمیر و ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے اور نو منتخب کابینہ بھی علاقے کی بہتری کے لیے مثبت اور مؤثر کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ضلع کے صحافیوں کو مختلف مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ صوبائی حکومت بھی اس حوالے سے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کو ان کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے درکار تمام سہولیات اور آلات فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ مزید بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔
تقریب کے اختتام پر محسود پریس کلب کے صدر شیریار محسود نے ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان عصمت اللہ وزیر کا شکریہ ادا کیا اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے تعاون کو سراہا۔
