جامعہ ہری پور نے سینئر ترین ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی بی پی ایس بیس سے پروفیسرز کی بی پی ایس اکیس کی آسامیوں پر ترقی کا طویل عرصے سے زیرِ التوا عمل مکمل کر لیا ہے۔ چھ مستحق اساتذہ کی ترقی کا عمل پشاور ہائی کورٹ کے ایبٹ آباد بینچ کی ہدایات، جامعہ کی سنڈیکیٹ اور سینیٹ کے فیصلوں اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ کی روشنی میں مکمل کیا گیا۔

ترقی پانے والے اساتذہ میں ڈاکٹر شاہ مسعود خان، ڈاکٹر اعجاز حسین، ڈاکٹر ظہور احمد، ڈاکٹر محمد جہانگیر، ڈاکٹر علی رضا گرمانی اور ڈاکٹر سمیع اللہ نیازی شامل ہیں۔

جامعہ کے مطابق متعلقہ سینئر اساتذہ گزشتہ تقریباً پانچ سال سے اپنی ترقی کے منتظر تھے۔ پروفیسر بی پی ایس اکیس کی آسامیاں پہلی مرتبہ 2021 میں اس وقت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گیلانی کے دور میں مشتہر کی گئی تھیں، تاہم بعد ازاں ترقی کا عمل مکمل نہ ہو سکا۔

سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن کے دور میں بھی متعلقہ آسامیاں دوبارہ مشتہر کی گئیں، تاہم اس کے باوجود سینئر بی پی ایس ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی ترقی کا معاملہ منطقی انجام تک نہ پہنچ سکا۔

جامعہ کے مطابق 2023 میں دو ٹی ٹی ایس ایسوسی ایٹ پروفیسرز کو پروفیسر کے عہدے پر ترقی دی گئی، جبکہ سینئر بی پی ایس ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی ترقی کا معاملہ زیرِ التوا رہا۔ اسی طرح 2025 میں مزید تیرہ ٹی ٹی ایس ایسوسی ایٹ پروفیسرز کو پروفیسر کے عہدے پر ترقی دی گئی، تاہم بی پی ایس ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی ترقی کے معاملات مکمل نہ ہو سکے۔

مسلسل تاخیر کے بعد متاثرہ اساتذہ نے اپنے قانونی حق کے حصول کے لیے پشاور ہائی کورٹ کے ایبٹ آباد بینچ سے رجوع کیا اور درخواست دائر کی۔ عدالتِ عالیہ نے جامعہ انتظامیہ کو متعلقہ ترقی کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

عدالتی ہدایات کے علاوہ جامعہ کی سنڈیکیٹ اور سینیٹ نے بھی انتظامیہ کو ترقی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں، جبکہ محکمہ اعلیٰ تعلیم سے ضروری عدم اعتراض سرٹیفکیٹ بھی حاصل کیا گیا۔

بالآخر 16 اگست 2026کو جامعہ ہری پور نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید کی قیادت میں چھ سینئر بی پی ایس ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی بی پی ایس اکیس میں ترقی کا عمل مکمل کر لیا۔

جامعہ انتظامیہ کے مطابق پانچ سالہ انتظار کے بعد ترقی کا عمل مکمل ہونا متعلقہ اساتذہ کے لیے ایک اہم پیشہ ورانہ پیش رفت ہے۔ جامعہ کے اساتذہ، انتظامی افسران اور ملازمین نے ترقی پانے والے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی علمی، تحقیقی اور تدریسی خدمات کو سراہا۔

جامعہ برادری نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے اساتذہ اپنی علمی، تحقیقی اور تدریسی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جامعہ ہری پور کے تعلیمی معیار اور علمی وقار میں مزید بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔