خیبر: قبائلی اضلاع پولیس کے احتجاج کے دوران ڈی پی او خیبر اور پولیس اہلکار یونیفارم کے معاملے پر آمنے سامنے آگئے۔ ڈی پی او خیبر نے پولیس اہلکاروں کے لیے پینٹ شرٹ پر مشتمل مقررہ پولیس یونیفارم پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا۔
ڈی پی او خیبر کی جانب سے جاری مراسلے میں پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران مقررہ پولیس یونیفارم پہننے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ یونیفارم کی پابندی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب قبائلی پولیس نے اپنے مطالبات کے حق میں تاریخی بابِ خیبر کے مقام پر جاری احتجاجی دھرنے کے دوران پولیس یونیفارم پہننے سے انکار کا اعلان کیا تھا۔ پولیس نمائندگان کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اہلکار پینٹ شرٹ پر مشتمل موجودہ پولیس یونیفارم کے بجائے سابقہ خاصہ دار فورس کی وردی استعمال کریں گے۔
پولیس اہلکاروں کے احتجاج اور ڈی پی او خیبر کی جانب سے نئے مراسلے کے اجرا کے بعد یونیفارم کا معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث قبائلی پولیس اور محکمہ پولیس کے درمیان اختلافات نمایاں ہوگئے ہیں۔
پولیس اہلکاروں کا مؤقف ہے کہ ان کے دیگر مطالبات کے ساتھ یونیفارم کا معاملہ بھی حل کیا جائے، جبکہ محکمہ پولیس کی جانب سے مقررہ یونیفارم کی پابندی پر زور دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یونیفارم کے معاملے پر فریقین کے درمیان اختلافات ختم کرنے کے لیے آئندہ دنوں میں مزید مشاورت متوقع ہے۔
