ضلع خیبر: تحریک متاثرینِ تیراہ کے زیرِ اہتمام تیراہ متاثرین کی باعزت اور محفوظ واپسی، مالی امداد کی فوری فراہمی اور دیگر مطالبات کے حوالے سے مشترکہ مشاورتی گرینڈ جرگہ 20 اگست کو باڑہ پریس کلب میں منعقد ہوگا۔

جرگے میں تیراہ متاثرین کو درپیش مسائل، واپسی کے عمل، مالی امداد اور دیگر مطالبات پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جبکہ حکومت سے مطالبات کے حصول اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

جرگے سے تحریک متاثرینِ تیراہ کے چیئرمین رحمت شاہ آفریدی، ترجمان صحبت آفریدی، باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان، خیبر یونین کے مراد ساقی، پیپلز پارٹی کے شیر شاہ خان، مسلم لیگ کے ظاہر شاہ آفریدی، تیراہ تاجر یونین کے صدر شیر افگن، تیراہ سیاسی اتحاد کے صدر زاہد خان، تیراہ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر نذیر خان زخہ خیل، مشر دریا خان، زخہ نمائندہ سعود خان، برقمبر خیل مشر سید رحمن آفریدی، اقوام کی 80 رکنی کمیٹی کے امیر سید راسن، قوم آدم خیل کے حاجی تاج، صحبت خان ملک دین خیل، حاجی موسم خان سمیت دیگر مشران نے خطاب کیا۔

مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تیراہ متاثرین کی باعزت، محفوظ اور جلد واپسی یقینی بنائی جائے، مالی امداد فوری طور پر فراہم کی جائے اور متاثرین کے دیگر جائز مطالبات کو عملی طور پر حل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیے:سعودی عرب میں جھگڑا، باجوڑ کے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق  https://herlensurdu.com/post/348

تحریک متاثرینِ تیراہ کے ترجمان صحبت آفریدی نے کہا کہ تحریک عوام اور متاثرین کی خواہشات کے مطابق پُرامن احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔ تاہم احتجاج کا حتمی فیصلہ کرنے سے قبل متاثرین اور آفریدی اقوام کی خواہش پر 24 رکنی کمیٹی، موجودہ ایم پی اے، خاتون ایم پی اے کے نمائندے، اقلیتی ایم پی اے، موجودہ ایم این اے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے نمائندہ خصوصی کو 20 اگست کے گرینڈ جرگے میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرگے میں تمام متعلقہ نمائندوں کے ساتھ مشاورت کے بعد تیراہ متاثرین کی واپسی، مالی امداد اور دیگر مطالبات کے حصول کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کے حوالے سے بھی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔