خیبر: پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن  ضلع خیبر کا اہم اجلاس صدر  ضلع خیبر نوید اختر کی زیرِ صدارت باڑہ میں منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور، طلبہ کے مسائل اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں جنرل سیکرٹری احباب علی، چیئرمین اکرم اللہ اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن خیبرپختونخوا کے صدارتی امیدوار شبیر احمد آفریدی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

تحصیل سطح پر تنظیم سازی کا فیصلہ

اجلاس میں پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کو ضلع خیبر کی تمام تحصیلوں میں مزید مضبوط اور منظم بنانے کے لیے تحصیل سطح پر آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

شرکاء نے ضلعی تنظیم کو مزید فعال اور مؤثر بنانے، تنظیمی رابطوں کو مضبوط کرنے اور طلبہ کو تنظیم کے پلیٹ فارم پر منظم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

شبیر احمد آفریدی کی حمایت کا اعلان

اجلاس کے شرکاء نے پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن خیبرپختونخوا کے صدارتی امیدوار شبیر احمد آفریدی کی مکمل حمایت پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ طلبہ کو درپیش مسائل کے حل اور تعلیمی میدان میں ان کی رہنمائی کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، جس کے لیے تنظیمی سطح پر مؤثر کردار ادا کیا جائے گا۔

کابینہ کو مزید فعال بنانے پر زور

اجلاس میں  پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن  ضلع خیبر کی کابینہ کو مکمل اور مزید فعال بنانے، تنظیمی ڈھانچے کو بہتر کرنے اور ضلعی و تحصیل سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی اہم تجاویز پیش کی گئیں۔

شرکاء نے سوشل میڈیا کے ذریعے پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی مؤثر نمائندگی اور طلبہ تک تنظیم کا پیغام پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ کے حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کے حل اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کو ضلع خیبر میں مزید منظم اور فعال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔