کالام: چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، ڈپٹی کمشنر سوات، سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوذب عباس کی ہدایات پر جھیل سیف اللہ اور جھیل مہوڈنڈ میں صفائی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔

صفائی مہم میں اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، ٹی ایم اے بحرین، ٹورازم پولیس، ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں کے اہلکاروں اور مقامی افراد نے بھرپور شرکت کی۔ مہم کے دوران جھیلوں اور ان کے اطراف سے بڑی مقدار میں کچرا جمع کرکے محفوظ طریقے سے تلف کیا گیا تاکہ علاقے کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔

اس موقع پر ہوٹل مالکان، دکانداروں اور دیگر کاروباری افراد کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ گندا پانی، پلاسٹک، کچرا اور دیگر فضلہ جھیلوں، دریاؤں اور ندی نالوں میں پھینکنے سے گریز کریں اور صفائی کے اصولوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان کے مطابق سیاحتی مقامات پر صفائی ستھرائی، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کے اشتراک سے ایسی مہمات مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کا قدرتی حسن برقرار رکھنا نہ صرف اداروں بلکہ مقامی آبادی اور سیاحوں کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے۔