ہری پور: یونیورسٹی آف ہری پور نے ڈیجیٹل تبدیلی اور ای گورننس کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے آن لائن ٹرانسکرپٹ اور ڈگری اجرا سسٹم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس جدید نظام کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید نے امتحانی سیکشن میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران کیا۔
افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر نے نئے آن لائن نظام کے ذریعے ایک طالب علم کی ٹرانسکرپٹ اور ڈگری جاری کر کے اس کی عملی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا۔ یہ نظام ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز اور امتحانی سیکشن کی مشترکہ کاوش کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد طلبہ کو ٹرانسکرپٹس اور ڈگریوں کے اجرا کی محفوظ، شفاف، تیز رفتار اور مؤثر آن لائن سہولت فراہم کرنا ہے۔
تقریب میں ڈائریکٹر آئی ٹی سروسز پروفیسر ڈاکٹر محتاج خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر اصغر علی، رجسٹرار ریاض محمد، ڈائریکٹر انڈرگریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر ظہور، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر شاہ مسعود خان، مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز، چیئرمین صاحبان، مسٹر عثمان رؤف اور ان کی آئی ٹی ٹیم، ایڈیشنل پرووسٹ پیر اسفندیار، لائبریرین محمد کاشف سمیت یونیورسٹی کے افسران، اساتذہ، ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید نے کہا کہ جدید جامعات کی ترقی کے لیے آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف ہری پور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے شفافیت، مؤثر انتظامی نظام، بہتر گورننس اور طلبہ کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے منصوبے کی کامیاب منصوبہ بندی، مؤثر رابطہ کاری اور بروقت تکمیل پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر اصغر علی اور ڈائریکٹر آئی ٹی سروسز پروفیسر ڈاکٹر محتاج خان کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔ وائس چانسلر نے امتحانی سیکشن اور ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز کے تمام افسران و اہلکاروں، بالخصوص مسٹر عثمان رؤف اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتھک محنت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر اصغر علی نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور امتحانی سیکشن و ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز کی ٹیم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نیا آن لائن نظام طلبہ کے لیے ٹرانسکرپٹس اور ڈگریوں کے اجرا کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور تیز رفتار بنائے گا، جس سے امتحانی خدمات کے معیار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے امتحانی سیکشن اور ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز کے افسران و اہلکاروں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ یونیورسٹی آف ہری پور مستقبل میں بھی جدید ڈیجیٹل سہولیات اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام متعارف کرا کر طلبہ کو بہترین تعلیمی اور انتظامی خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
