بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے جماعت نہم اور دہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے سرکاری نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ نتائج کے مطابق مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 70.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی اعداد و شمار کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر 95 ہزار 496 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ ان میں سے 66 ہزار 988 امیدوار کامیاب قرار پائے، جبکہ 27 ہزار 788 طلبہ امتحانات پاس کرنے میں ناکام رہے۔ سالانہ امتحانات کے دوران 720 امیدوار غیر حاضر رہے۔
سرکاری و نجی اسکولوں کے ریگولر طلبہ میں 55 ہزار 839 لڑکوں نے امتحان دیا، جن میں سے 37 ہزار 726 کامیاب اور 17 ہزار 770 ناکام ہوئے، جبکہ 343 لڑکے غیر حاضر رہے۔ لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 67.6 فیصد رہا۔
دوسری جانب ریگولر طالبات نے ایک بار پھر لڑکوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ امتحانات میں شریک 31 ہزار 989 طالبات میں سے 25 ہزار 732 کامیاب، 6 ہزار 63 ناکام اور 194 غیر حاضر رہیں۔ طالبات کی کامیابی کا تناسب 80.4 فیصد رہا، جو تمام کیٹیگریز میں سب سے زیادہ ہے۔
نجی طور پر امتحانات میں حصہ لینے والے 5 ہزار 873 طلبہ میں سے 2 ہزار 606 کامیاب اور 3 ہزار 117 ناکام رہے، جبکہ 150 غیر حاضر رہے۔ ان کی کامیابی کا تناسب 44.4 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح نجی طالبات کی کل تعداد ایک ہزار 795 رہی، جن میں سے 924 کامیاب، 838 ناکام اور 33 غیر حاضر رہیں۔ نجی طالبات کی کامیابی کا تناسب 51.5 فیصد رہا۔
پشاور بورڈ کے نتائج کا مجموعی جائزہ ظاہر کرتا ہے کہ اس سال تقریباً 30 فیصد امیدوار میٹرک کا امتحان پاس نہیں کر سکے، جبکہ ریگولر طالبات نے بہترین پوزیشن حاصل کر کے تعلیمی میدان میں اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔
