ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر وقار احمد کی خصوصی ہدایت پر میلوارڈ پولیس نے کامیاب اور تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے خانہ بدوش گروہ کے قبضے سے 5 سالہ مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کر کے دو خواتین سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، جلندھر مقبرہ کے رہائشی 5 سالہ معصوم ارسلان ولد عارف (قوم ملک دین خیل) کے اغوا کا ڈی پی او خیبر وقار احمد نے سخت نوٹس لیا تھا۔ انہوں نے ایس پی باڑہ نواب خان کی نگرانی میں ایس ایچ او میلوارڈ شمشاد خان کی سربراہی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی، جس میں سب انسپکٹر (ایس آئی) مدا خان اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) نواز شریف شامل تھے۔

پولیس ٹیم نے مغوی بچے کی بازیابی کے لیے مختلف مشکوک مقامات پر فوری چھاپے مارے۔ جدید تفتیشی تکنیک، پیشہ ورانہ حکمت عملی اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے پولیس نے پشاور میں سرگرم ایک خانہ بدوش گروہ کا سراغ لگایا۔ پولیس نے کامیاب چھاپہ مار کر معصوم ارسلان کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔

کارروائی کے دوران اغوا کی واردات میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت محمد اقبال ولد مرید حسین، مسماۃ سردارہ زوجہ ماکن اور مسماۃ ماروی زوجہ گل محمد کے ناموں سے ہوئی ہے اور یہ سب پشاور کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس گروہ کے دیگر سہولت کاروں کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔

ڈی پی او خیبر وقار احمد نے معصوم بچے کو بحفاظت بازیاب کرانے پر میلوارڈ پولیس ٹیم کو نقد انعام اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے اغوا جیسے گھناؤنے اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ خیبر پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔