پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 19 سے 26 جولائی کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں اور فلش فلڈ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 32 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 13 مرد، 3 خواتین اور 16 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 72 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 55 مکانات کو جزوی جبکہ 17 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ تازہ رپورٹ میں مزید 26 گھروں کے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جن میں 19 کو جزوی اور 7 کو مکمل نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں 46 مویشی بھی ہلاک ہوئے، جس سے متاثرہ خاندانوں کو بھاری معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ نقصانات کے حتمی تخمینے اور متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے سروے کا عمل بھی جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور سیلابی پانی کے قریب جانے سے احتیاط برتیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں یا ریسکیو سروسز سے فوری رابطہ کریں۔
