طورخم بارڈر کی تقریباً 10 ماہ سے جاری بندش کے باعث پیدا ہونے والی سنگین معاشی صورتحال کے پیش نظر لنڈی کوتل میں حمزہ بابا مزار کے قریب واقع سیر و تفریحی پارک میں کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس، مزدوروں، ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور سماجی مشران کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔
جرگے میں بارڈر کی مسلسل بندش سے کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس، مزدوروں، ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور عام شہریوں کو درپیش معاشی مشکلات اور دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ طویل بندش کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے روزگاری اور مالی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ مقامی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
اجلاس میں کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کے نمائندوں، مزدور رہنماؤں، ٹرانسپورٹرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سماجی مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے باہمی مشاورت سے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرہ طبقات کے حقوق کے تحفظ، بارڈر کی بحالی اور مسائل کے دیرپا حل کے لیے جلد مشترکہ آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
