باجوڑ: ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں تلی ڈیم کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں دو افراد شہید ہو گئے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی جمال شاہ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں دو افراد جاں بحق ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ذرائع کے مطابق شہداء میں سے ایک کی میت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ دوسرے شہید کی میت کی تلاش تلی ڈیم کے پانی میں جاری ہے۔ ریسکیو اہلکار ڈیم میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ لاش کو جلد از جلد نکالا جا سکے۔
ادھر ایس ایچ او باچا رحمان کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات اور جاں بحق افراد کی شناخت کے حوالے سے مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
