جمرود: بابِ خیبر کے مقام پر جمرود سیاسی اتحاد کے زیرِ اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ضلع خیبر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام، قبائلی مشران، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے تیراہ راجگال کے متاثرین کے مسائل کے فوری حل، ترقیاتی فنڈز کی فراہمی، ریگی للمہ اراضی کے تنازع کے تصفیے اور ضلع خیبر میں مبینہ کرپشن کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے جمرود سیاسی اتحاد کے صدر مولانا سعید خان، ملک سید غا جان، سراج آفریدی اور ثناء اللہ آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیراہ راجگال کے عوام کسی بھی صورت اپنی آبائی زمینوں سے نقل مکانی قبول نہیں کریں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کئی برسوں سے مشکلات اور محرومیوں کا سامنا کر رہے ہیں، لہٰذا حکومت فوری طور پر ان کے لیے مختص فنڈز جاری کرے تاکہ بے گھر خاندانوں کو بنیادی سہولیات اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ کوکی خیل کی ملکیتی ریگی للمہ اراضی کا دیرینہ تنازع فوری طور پر حل کرتے ہوئے زمین اس کے اصل مالکان کے حوالے کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں تمام قانونی اور انتظامی رکاوٹیں دور کر کے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے ضلع خیبر میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی وسائل کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور اگر کسی بھی سطح پر بدعنوانی ہوئی ہے تو اس میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
احتجاج کے شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تیراہ راجگال کے متاثرین، ریگی للمہ اراضی کے تنازع اور ضلع خیبر کو درپیش دیگر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
مقررین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری عمل درآمد نہ کیا گیا تو جمرود سیاسی اتحاد احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے منتخب عوامی نمائندوں کی رہائش گاہوں کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کرے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
