جمرود: سب ڈویژن ایجوکیشن آفس جمرود، ضلع خیبر کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ پرائمری سکول والی بابا جمرود میں سکول داخلہ مہم 2026-27 کے سلسلے میں آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد زاہد، اسسٹنٹ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر (ASDEO) واجد محمد، بغدادی شاہ سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر افسران، اساتذہ، طلبہ اور مقامی افراد نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سکول داخلہ مہم کا بنیادی مقصد علاقے کے ہر بچے کو سکول میں داخل کرانا اور خصوصاً ایسے علاقوں میں والدین میں تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے جہاں سکول سے باہر بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کریں اور انہیں باقاعدگی سے سکول بھیجیں تاکہ وہ ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکیں اور ملک و قوم کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔

مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ تعلیم ہر بچے تک تعلیم کی سہولت پہنچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ سکول داخلہ مہم 2026-27 کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے بچوں کا بروقت سکولوں میں داخلہ یقینی بنائیں اور تعلیم کے فروغ میں محکمہ تعلیم کا ساتھ دیں۔