خیبر فاریسٹ ڈویژن نے غیر قانونی لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے لکڑی سے بھری ایک گاڑی ضبط کر لی۔
ترجمان خیبر فاریسٹ ڈویژن کے مطابق ڈی ایف او خیبر اور رینج فارسٹ آفیسر جمرود کی خصوصی ہدایات پر فارسٹر حاجی شبستان، فارسٹ گارڈ حضرت خان، محمد عامر، رفیع اللہ اور جواد خان نے گزشتہ شب تقریباً 3 بجے موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران چیک پوسٹ پر غیر قانونی لکڑی سے بھری گاڑی کو روک کر اپنی تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ موقع سے متعلقہ شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ ضبط شدہ گاڑی اور لکڑی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سرکاری تحویل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی خیبر پختونخوا فاریسٹ آرڈیننس اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت عمل میں لائی گئی۔ غیر قانونی جنگلاتی سرگرمیوں، لکڑی کی اسمگلنگ اور قومی وسائل کو نقصان پہنچانے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
خیبر فاریسٹ ڈویژن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فیلڈ اسٹاف مشکل اور حساس حالات میں بھی قومی جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی لکڑی کی ترسیل کی روک تھام اور قانون کے مؤثر نفاذ کے لیے شب و روز اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔ محکمہ جنگلات نے واضح کیا ہے کہ قومی جنگلات کو نقصان پہنچانے یا غیر قانونی لکڑی کی نقل و حمل کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
