جمرود سیاسی اتحاد نے علاقے میں مبینہ غیر معیاری ترقیاتی کاموں، کرپشن، سرکاری محکموں کی ناقص کارکردگی اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف پیر کے روز بابِ خیبر جمرود میں پرامن احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔
جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی اتحاد کے رہنماؤں مولانا سعید، ظریف خان، سراج، عرفان، سلیمان اور دیگر نے کہا کہ ان کی جدوجہد کسی سیاسی جماعت یا شخصیت کے خلاف نہیں بلکہ جمرود کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور علاقے کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جمرود میں جاری متعدد ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر عوام کو شدید تحفظات ہیں، جبکہ کئی بنیادی مسائل تاحال حل طلب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کے حصول کے لیے ہر آئینی، قانونی اور پرامن راستہ اختیار کیا جائے گا۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر خیبر سے مطالبہ کیا کہ تمام سرکاری محکموں کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی کی جائے، عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے اور متعلقہ اداروں کو قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا پابند بنایا جائے۔
پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ احتجاج کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے جمرود کے عوامی مسائل کے حل کے لیے اس تحریک کا حصہ بنیں۔ رہنماؤں کے مطابق یہ احتجاج کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے کیا جا رہا ہے۔
سیاسی اتحاد کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ مبینہ کرپشن اور غیر معیاری ترقیاتی کاموں سے متعلق مختلف ویڈیوز اور آڈیو ریکارڈنگز سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ وہ جمرود کے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مسائل حل نہ کیے گئے اور مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات نہ کرائی گئیں تو احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
