خیبر: ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے نیکی خیل میں پیش آنے والے فائرنگ کے المناک واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ لنڈی کوتل کی حدود میں عابد گروپ اور بجلی خان گروپ کے درمیان تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر وقار احمد کی ہدایت پر ایس پی جمرود سرکل بادشاہ خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے ایس ایچ او لنڈی کوتل عشرت شینواری کی قیادت میں مختلف مقامات پر کامیاب چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے دونوں فریقین سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں حسیب اللہ ولد رئیس خان، سید جمال ولد گیس خان، اختر محمد ولد روزی خان اور محمد جمال ولد عابد الرحمن شامل ہیں۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 کلاشنکوف اور 1 پستول بھی برآمد کر لیا گیا، جنہیں پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

پولیس حکام نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔