ڈائریکٹر امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا اور ڈپٹی کمشنر سوات کی خصوصی ہدایات پر ضلعی امورِ نوجوانان افسر سوات کے زیرِ اہتمام ضلع سوات کے نوجوانوں کے اعزاز میں منگورہ میں ایک خصوصی عشائیہ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا، ان کی آراء و تجاویز سے آگاہی حاصل کرنا، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور صوبائی پالیسی برائے نوجوانان 2026 سے روشناس کرانا تھا۔
تقریب میں ضلع بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 55 نوجوانوں نے شرکت کی، جن میں 25 خواتین (بشمول اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی دو خواتین) اور 30 مرد نوجوان شامل تھے۔
اس موقع پر شرکاء کو صوبائی پالیسی برائے نوجوانان 2026 کے چار بنیادی شعبوں تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔ شرکاء کو معیاری تعلیم، فنی تربیت، روزگار کے مواقع، سماجی و رضاکارانہ سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شرکت، ماحول کے تحفظ، شجرکاری، صفائی اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے نوجوانوں کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔
تقریب کے دوران نوجوانوں نے تعلیم، روزگار، کھیلوں کے فروغ، ڈیجیٹل مہارتوں، خواتین کی ترقی، منشیات سے پاک معاشرے کے قیام اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اپنے خیالات، مسائل اور قابلِ عمل تجاویز پیش کیں۔ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھی سماجی ہم آہنگی، مساوی مواقع اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ضلعی امورِ نوجوانان افسر سوات نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی آراء اور تجاویز کو آئندہ منصوبہ بندی اور سرگرمیوں کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ صوبائی پالیسی برائے نوجوانان 2026 کے اہداف کے مطابق نوجوانوں کو ترقی، قیادت اور خودمختاری کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس اقدام کو نوجوانوں کے درمیان باہمی روابط، مثبت مکالمے، سماجی ہم آہنگی اور تعمیری تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس نوعیت کی سرگرمیوں کے تسلسل پر زور دیا۔
