ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے لوئے شلمان، پڑانگ درہ میں جائیداد کے تنازعے پر دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں شیر عباس ولد شاہ زمان اور دوسرے فریق سے حیدر خان ولد شیع کریم جاں بحق ہوگئے، جبکہ جمشیر، طارق، شاہ زمان، پہلوان اور شیرزادہ زخمی ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر وقار احمد نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ ایس ایچ او شلمان نفیس خان نے اے ایس آئی صادق خان اور بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔

پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے بروقت کارروائی کے دوران مرکزی ملزم سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں طارق ولد جمشیر اور شیرزادہ ولد خان زمان کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا، جبکہ شیع کریم ولد رحمان گل، دریا خان ولد شیع کریم اور خان زمان ولد پتی خان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جائیداد کے تنازعے کا شاخسانہ ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔