گورنمنٹ ہائی سکول خار کے سابق ہم جماعتوں کا 40 سال بعد ایک پروقار اور یادگار اجتماع منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے اپنے تعلیمی دور کی خوشگوار یادیں تازہ کیں اور ایک دوسرے کے ساتھ پرانے تعلقات کی تجدید کی۔
تقریب میں باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر لعلی شاہ، فضل اکبر خلجی، بخت منیر صافی، سلیم خان اور دیگر سابق طلبہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے اسکول کے زمانے، اساتذہ کرام اور ہم جماعتوں سے وابستہ یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ماضی کے دلچسپ واقعات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیے۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے باوجود اسکول کی یادیں اور بچپن کی دوستیاں ہمیشہ انسان کے دل و دماغ میں زندہ رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار دہائیوں بعد دوبارہ ایک جگہ جمع ہونا ان کے لیے انتہائی خوشی اور اعزاز کا باعث ہے، جس نے انہیں زندگی کے خوبصورت لمحات ایک بار پھر یاد دلا دیے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ سابق ہم جماعتوں کے درمیان باہمی روابط مزید مضبوط ہوں اور دوستی، محبت اور بھائی چارے کے رشتے مزید مستحکم ہوں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی تصویر بنوائی اور اس اجتماع کو اپنی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے اس کے باقاعدہ انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔
