خیبر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے بعض اراکین نے ضلع خیبر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں، غیر شفاف ٹینڈرنگ اور میرٹ کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مطالبات انجینئر عبدالصمد اور حاجی خیال جان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیے۔ اس موقع پر حاجی صورت خان، عرفان اللہ، عالم زیب اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض منتخب نمائندوں، فوکل پرسنز اور مختلف محکموں کے بعض حکام کی مبینہ مداخلت کے باعث پسندیدہ ٹھیکیداروں کو ترقیاتی منصوبے دیے جا رہے ہیں، جس سے شفافیت اور میرٹ متاثر ہو رہے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بعض منصوبوں میں سنگل اسٹیج دو لفافہ طریقۂ کار پر عمل نہیں کیا جا رہا، جس سے ٹینڈرنگ کے عمل کی شفافیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں سرکاری قواعد و ضوابط کے مطابق ٹینڈرنگ یقینی بنائی جائے تاکہ تمام اہل ٹھیکیداروں کو یکساں مواقع میسر آ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی سرکاری افسر یا ٹھیکیدار کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال، بدعنوانی یا میرٹ کی خلاف ورزی کے الزامات موجود ہیں تو ان کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ ضلع خیبر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں، تمام ٹینڈرز متعلقہ قوانین اور قواعد کے مطابق جاری کیے جائیں، ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے اور سرکاری افسران و ٹھیکیداروں کے مؤثر احتساب کا نظام قائم کیا جائے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ ان کا مقصد کسی فرد یا ادارے کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ قانون کی بالادستی، شفافیت، میرٹ اور عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے تحفظات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔