باڑہ پریس کلب میں سپاہ قبیلے کے علاقے عالم گودر سے تعلق رکھنے والے عبدالسلام آفریدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی آبائی اراضی پر مبینہ طور پر غیرقانونی قبضے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور ضلعی انتظامیہ اس معاملے میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
عبدالسلام آفریدی کا کہنا تھا کہ عالم گودر میں ان کی آبائی 52 کنال زمین موجود ہے، جس پر وہ اور ان کا خاندان قانونی حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ خیبر نے تحصیل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے مرحوم حاجی زمان شلوبر کے خاندان، جن میں گلاب شیر بھی شامل ہیں، کی درخواست پر ان کی زمین کے لیے سیکشن 4 کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ تاہم انہوں نے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا، جہاں عدالت نے مذکورہ نوٹیفکیشن کو کالعدم (ڈی نوٹیفائی) قرار دے دیا۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ عدالتی فیصلے کے باوجود مرحوم حاجی زمان کے خاندان نے دوبارہ ان کی مزید 19 کنال اراضی کے لیے سیکشن 4 کا نوٹیفکیشن جاری کروا لیا ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے پر وہ تحصیلدار باڑہ، اسسٹنٹ کمشنر باڑہ اور اے ڈی سی جنرل خیبر کو مختلف اوقات میں متعدد درخواستیں جمع کرا چکے ہیں، لیکن اب تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
عبدالسلام آفریدی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے قریبی رشتہ دار حاجی ادریس آفریدی پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ مبینہ طور پر مرحوم حاجی زمان کے خاندان کے ساتھ مل کر ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے ان کی آبائی زمین پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو طویل عرصے سے مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جا رہا ہے اور علاقہ چھوڑنے پر مجبور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بھی ان کے خاندان کے افراد پر حملے کیے گئے، جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے اور مختلف ذرائع سے دباؤ ڈالا گیا، تاہم انہیں تاحال انصاف نہیں مل سکا۔
عبدالسلام آفریدی نے حکومت خیبرپختونخوا، وزیر اعلیٰ، آئی جی پولیس، کمشنر، ڈی پی او خیبر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے خاندان کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے، معاملے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کوئی بھی شخص قانون شکنی کا مرتکب پایا جائے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا خاندان آئین، قانون اور عدلیہ پر مکمل اعتماد رکھتا ہے اور تمام معاملات کا حل قانونی طریقہ کار کے مطابق چاہتا ہے۔ آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو انصاف اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
نوٹ: یہ مؤقف عبدالسلام آفریدی نے باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران پیش کیا۔ خبر میں شامل الزامات متعلقہ فریق کا مؤقف ہیں، جن پر دوسرے فریق یا ضلعی انتظامیہ کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی شامل کیا جائے گا۔
