قبائلی ضلع مہمند سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں حالیہ دنوں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، جہاں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔شدید گرمی کے پیش نظر مہمند ٹریفک پولیس نے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کی سہولت کے لیے قابلِ تحسین اقدام کرتے ہوئے مختلف مقامات پر ٹھنڈے مشروبات اور پینے کے صاف پانی کا انتظام کیا۔

یہ اقدام ڈی پی او مہمند رضا محمد کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی ٹریفک اپر جان محمد خان کی نگرانی میں کیا گیا، جبکہ ٹریفک آفیسر ہلال خان نے فیلڈ میں انتظامات کی خود نگرانی کی اور مسافروں و ڈرائیوروں میں ٹھنڈے مشروبات اور پانی تقسیم کیا۔

اس موقع پر ڈی پی او مہمند رضا محمد نے کہا کہ مہمند ٹریفک پولیس صرف ٹریفک قوانین پر عمل درآمد تک محدود نہیں بلکہ عوام کی خدمت، حفاظت اور فلاح کو بھی اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو سہولت فراہم کرنا پولیس کی عوام دوست پالیسی کا حصہ ہے، اور فورس ہر ممکن موقع پر عوام کی مدد کے لیے تیار رہتی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس کی چیکنگ اور ناکہ بندیوں کے دوران بھرپور تعاون کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں اور ایک محفوظ، منظم اور ذمہ دار معاشرے کے قیام میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

مقامی شہریوں اور ٹرانسپورٹرز نے مہمند ٹریفک پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے عوامی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔