باڑہ: رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے کہا ہے کہ وہ آزاد حیثیت سے منتخب ہوئے ہیں، اس لیے کوئی بھی ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر بعض عناصر ذاتی مفادات اور مخصوص شخصیات کو خوش کرنے کے لیے ان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔
باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقبال آفریدی نے الزام عائد کیا کہ جنید اکبر، صبغت اللہ اور سلیم پارٹی کے اندر ان کے خلاف منظم مہم چلا رہے ہیں، تاہم وہ ایسے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو موجودہ بحران سے نکالنے اور بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے ضروری ہے کہ علیمہ خان اور خاندان کے دیگر افراد کو سیاسی جدوجہد میں مؤثر کردار دیا جائے۔
اقبال آفریدی کے مطابق، جب بھی پارٹی کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا، عمران خان کے خاندان نے آگے بڑھ کر پارٹی کا ساتھ دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ احتجاجی تحریک کو بند کمروں سے نکال کر اڈیالہ جیل کے سامنے لانے کا کریڈٹ بھی علیمہ خان اور دیگر بہنوں کو جاتا ہے۔
انہوں نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر کہا کہ انہوں نے کسی کو گالی دی اور نہ ہی کسی کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر پیش آنے والے جھگڑے سے بھی ان کا کوئی تعلق نہیں، تاہم حکومت کے خلاف مؤثر آواز بلند کرنے کی وجہ سے انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے مزید الزام لگایا کہ پارٹی کے اندر موجود بعض افراد، جنہیں انہوں نے "حکومتی کارندے" قرار دیا، ان کے خلاف کارروائیوں کے لیے سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا واحد مقصد عمران خان کی رہائی اور پارٹی کو مضبوط بنانا ہے۔
اقبال آفریدی نے پارٹی قیادت کی جانب سے ممکنہ تادیبی کارروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کے بانی اراکین میں شامل ہیں اور پارلیمانی پارٹی کے پاس کسی رکن کی بنیادی رکنیت ختم یا معطل کرنے کا اختیار نہیں۔ ان کے مطابق، پارلیمانی پارٹی صرف سفارش کر سکتی ہے، وہ بھی اس صورت میں جب کوئی رکن پارٹی پالیسی یا نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر انہوں نے ایسی کون سی خلاف ورزی کی ہے جس کی بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، اور مطالبہ کیا کہ اگر کوئی الزام موجود ہے تو اسے شواہد کے ساتھ عوام کے سامنے لایا جائے۔
آخر میں اقبال آفریدی نے کہا کہ وہ اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے اور عمران خان کی رہائی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔
