قبائلی ضلع مہمند
ریسکیو 1122 مہمند نے جنوری 2026 کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر خالق داد کی قیادت میں ریسکیو 1122 مہمند نے مجموعی طور پر 320 مختلف نوعیت کے ہنگامی واقعات میں بروقت رسپانس فراہم کرتے ہوئے عوام کو فوری ایمرجنسی سروسز مہیا کیں۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق جنوری 2026 کے دوران ریسکیو 1122 مہمند نے 270 میڈیکل ایمرجنسیز، 27 روڈ ٹریفک حادثات، 4 لڑائی جھگڑے اور فائرنگ کے واقعات، 6 آگ لگنے کے واقعات، ایک عمارت منہدم ہونے کے واقعے، 2 بیٹری بلاسٹ کے واقعات اور 10 ریکوری آپریشنز پر بروقت اور مؤثر کارروائی کی۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 337 مریضوں کو بحفاظت قریبی اور متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ متعدد متاثرین کو موقع پر ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ماہ جنوری کے دوران ریسکیو 1122 مہمند نے 90 مختلف نوعیت کے ریفرل کیسز میں بھی فوری رسپانس دیا۔ ان میں 14 مریضوں کو ضلع کے مختلف تحصیل ہسپتالوں سے ڈی ایچ کیو ہسپتال غلنئی منتقل کیا گیا، جبکہ 76 مریضوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال غلنئی سے پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں ریفر کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2026 کے دوران ریسکیو 1122 مہمند کو مجموعی طور پر 6,538 فون کالز موصول ہوئیں، جن میں 4,118 غیر ضروری اور فیک کالز جبکہ 2,100 معلوماتی اور ادھوری کالز شامل تھیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر خالق داد نے کہا کہ ریسکیو 1122 ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر کال کریں کیونکہ بروقت اطلاع قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
