قبائلی ضلع مہمند میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس خیبرپختونخوا (اگیگا) کی کال پر ہیڈکوارٹر غلنئی میں مہمند پریس کلب کے سامنے پشاور۔باجوڑ شاہراہ پر مختلف سرکاری ملازمین تنظیموں کی جانب سے پنشن اصلاحات، نجکاری اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا مہمند کے صدر محمد اسرار، حاجی ریاض گل، اپٹا کے صدر مرجان علی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکومت اصلاحات کے نام پر غریب سرکاری ملازمین کا معاشی قتل عام کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری، پنشن اصلاحات اور تنخواہوں میں مناسب اضافہ نہ ہونے کے باعث ملازمین شدید ذہنی اور مالی دباؤ کا شکار ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ڈسپیریٹی الاؤنس، میڈیکل، کنوینس اور ہاؤس رینٹ الاؤنس سمیت دیگر مراعات آج بھی دس سال پرانے ریٹس کے مطابق دی جا رہی ہیں، جبکہ مہنگائی میں پانچ سو فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ایڈہاک ریلیف الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے موجودہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ریٹائرمنٹ کے لیے پرانا پنشن نظام بحال کیا جائے، تمام سرکاری ملازمین کو مستقل کیا جائے، سی پی فنڈ کا خاتمہ کرکے جی پی فنڈ بحال کیا جائے، جبکہ سروس اسٹرکچر سے محروم ملازمین کو ٹائم اسکیل دیا جائے تاکہ سرکاری ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
احتجاجی رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 20 مئی کو دوبارہ احتجاج کیا جائے گا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
