8 مئی کو عالمی یومِ تھیلیسیمیا کے موقع پر فرنٹیئر فاؤنڈیشن کوہاٹ سنٹر کے زیرِ اہتمام تھیلیسیمیا سے متعلق شعور و آگاہی اجاگر کرنے کے لیے ایک پُروقار آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس واک میں پراپرٹی ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر شاہد ٹھیکیدار، ایم پی اے جمیلہ، آل تاجر اتحاد کے چیئرمین امیر خان آفریدی سمیت کوہاٹ کی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ تھیلیسیمیا ایک خطرناک موروثی بیماری ہے جس سے ہر سال بڑی تعداد میں بچے متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ شادی سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں، کیونکہ یہی اس مرض سے بچاؤ کا سب سے مؤثر اور محفوظ ذریعہ ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور عوامی آگاہی کے ذریعے تھیلیسیمیا کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
مقررین نے فرنٹیئر فاؤنڈیشن کوہاٹ سنٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ گزشتہ 24 سالوں سے کوہاٹ اور جنوبی اضلاع میں تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو بلا تعطل خون کی فراہمی اور دیگر طبی سہولیات فراہم کر کے انسانیت کی بے لوث خدمت انجام دے رہا ہے۔
واک کے اختتام پر صاحبزادہ اسماعیل، ایڈمنسٹریٹر فرنٹیئر فاؤنڈیشن کوہاٹ نے تمام مہمانانِ گرامی، معززینِ شہر اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا کے خلاف آگاہی مہم وقت کی اہم ضرورت ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو اس کارِ خیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔
