خیبر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع خیبر کے تحصیل باڑہ کے عہدیداروں نے باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز برقمبر خیل جان خان کلے میں گورنمنٹ ہائی سکول جان خان کلے کے استاد مسافر شاہ کو سکول گیٹ پر صبح سویرے بے دردی سے شہید کرنا نہ صرف اساتذہ برادری بلکہ پورے ضلع خیبر اور صوبے کے تعلیمی حلقوں کے لیے انتہائی افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع خیبر کے صدر نصیر شاہ آفریدی نے کہا کہ شہید استاد مسافر شاہ ایک نہایت شریف، فرض شناس اور مخلص استاد تھے جن کی کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسافر شاہ کی شہادت سے نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ علاقے کے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

اس موقع پر ینگ ٹیچر ایسوسی ایشن کے شاہد گل، ملگری استاذان ضلع خیبر کے حفیظ اللہ امین، تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کے ملک نادار شاہ اور دیگر اساتذہ رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

اساتذہ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر قاتلوں کو جلد گرفتار نہ کیا گیا اور شہید استاد مسافر شاہ کو انصاف فراہم نہ کیا گیا تو ضلع خیبر کی تمام اساتذہ برادری اور طلبہ انصاف کے حصول تک احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔